پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنگا فساد کے بغیر نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور زلفی بخاری نے وڑائچ ہاؤس کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی کہ نااہل لوگوں نے جان بوجھ کر 11 حلقوں کے استعفے قبول کئے، عمران خان کے 9 سیٹوں پر الیکشن لڑنے پر انہوں نے دوڑ لگا دی، اتنے ہی عقلمند تھے تو استعفے ہی نہ قبول کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ذیلی ادارے الیکشن کمیشن سے الیکشن ملتوی کرائے، الیکشن سے 48 گھنٹے پہلے پھر الیکشن ملتوی کرانے کی کوشش ہو رہی ہے، یہ عوام سے کب تک بھاگتے رہیں گے؟ اصل فیصلہ عوام نے ہی کرنا ہے، پچھلے الیکشن کی طرح انہیں اس الیکشن میں بھی بری طرح شکست ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہر حلقے سے کامیابی ملے گی، تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، انہوں نے استعفے قبول کر کے اپنے آپ کو کنوں میں دھکیلا ہے، ان کو کسی طور پر بھی بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا، عنقریب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔