چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین کے کردار کے بغیر معیاری سیاسی عمل کی تکمیل ناممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سابق خواتین اراکینِ پارلیمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فسطائی امپورٹڈ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف اور میڈیا کے خلاف جاری بدترین کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی گئی۔
اس موقعے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت و سیاست کی معاشرے کے تمام طبقات تک توسیع پر یقین رکھتی ہے، حقیقی آزادی کی تحریک میں ہماری خواتین نے غیر معمولی ہمت اور الوالعزمی کا مظاہرہ کیا۔
خواتین کے کردار کے بغیر معیاری سیاسی عمل کی تکمیل ناممکن ہے
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خواتین کے کردار کے بغیر معیاری سیاسی عمل کی تکمیل ناممکن ہے، تحریک انصاف جماعتی اور قومی معاملات میں اپنی خواتین کے کردار کو تقویت دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کے نتیجے میں پاکستان اس شکنجے سے آزاد ہو گا جس نے بطور قوم ہماری پرواز کو پستیوں کی راہ دکھلائی ہے۔
خواتین اراکین پارلیمان قومی قیادت کے فریضے کی ادائیگی کیلئے خود کو تیار کریں
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچائیں گے اور اپنی خواتین کی مدد سے فلاحی ریاست کے ایجنڈے کی تکمیل کی جانب بڑھیں گے، خواتین اراکین پارلیمان قومی قیادت کے فریضے کی ادائیگی کیلئے خود کو تیار کریں۔