حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے پوری طرح تیار ہے، تنویر الیاس

تنویر الیاس نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت گورننگ باڈی، پارلیمانی پارٹی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

پارٹی سیکریٹری جنرل نے اجلاس میں عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد  پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اگر گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی آذاد کشمیر بھر پور رد عمل دے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اگلے چند ہفتوں میں پارٹی اپنے امیدوارں کو ٹکٹ بھی جاری کردے گی تاکہ وہ اپنی الیکشن مہم چلائیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ شفاف اور آزادانہ الیکشن ہوں تاکہ کوئی بھی جماعت انہیں متنازعہ نہ بناسکے، سیاست کے دروازے متوسط اور نچلے طبقے کے لیے بھی کھل جائیں گے۔

اجلاس میں خواجہ فاروق، سردار میر اکبر، ماجد خان، چوہدری رشید، رفیق نیئر، یاسر سلطان، عنصر ابدالی، فہیم ربانی، اظہر صادق، چوہدری ارشد، چوہدری اکبر ابراہیم، چوہدری مقبول، تقدیس گیلانی، امتیاز نسیم، دیوان محی الدین، جاوید بٹ، عاصم شریف، سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، نائب صدر میر عتیق الرحمان شریک ہوئے۔

نائب صدر چودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری راجہ منصورخان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عامر نذیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندربیگ، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

Best Car Accident Lawyer