علی زیدی نے کہا ہے کہ جھوٹوں کا ٹولا ملک پر قابض ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے نرسری شاہراہِ فیصل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کے پیچھے پینافلیکس تھا اس پینا فلیکس پر لکھا تھا قائد کا ویژن اور وہ دیکھ کر مجھے لگا قائد اعظم محمد علی جناح کو اس سے کتنی تکلیف پہنچی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وجہ سے آئی ایم ایف نے پاکستان پر دو بار جرمانہ عائد کیا، 2018 میں کمر درد سے اسحاق ڈار لندن چلا گیا تھا اب منی لانڈرر اسحاق ڈار پانچ سال بعد لندن سے وزیراعظم کے طیارے میں واپس آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار معاشی نمبرز میں ہیرا پھیری کرنے کا ماہر ہے، مفرور اسحاق ڈار نے وطن واپس آکر سینیٹر کے طور حلف لیا ہے جبکہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی رسیدیں ابھی تک نہیں دی گئیں۔
علی زیدی نے کہا کہ مریم تو کہتی رہی کہ اس کی پاکستان سمیت دنیا میں کوئی پراپرٹی نہیں ہے، جھوٹوں کو ٹولا ملک پر قابض ہے، پی ٹی آئی قیادت پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کیے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن دو بار ملتوی کیے گئے کراچی میں این اے 245 ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے مزید کہا کہ عمران خان کو گرفتار نہ کرنا ہماری ریڈ لائن ہے اگر گرفتاری کی تو پھر کل دوبارہ احتجاج کریں گے۔