پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ جلد سڑکوں پر عوام کا راج ہوگا۔
عثمان ڈار نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ڈپریشن کا شکار ہے، وقت آگیا ہے کہ عمران خان کو کال دے دینی چاہیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ کوئی نہیں پوچھ رہا اربوں کی جائیداد کہاں سے آئی، چوروں ڈاکوؤں کو این آر او دیا جارہا ہے، ان لوگوں نے پاکستان کو جنت سمجھ رکھا ہے۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ قوم مشکلات میں ہے اور ان کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں، قوم عمران خان کی کال کے انتظار میں ہے۔
نہ جیل کا خوف ہے نہ جان جانے کا، عمران خان
اس سے قبل پشاور میں ایڈورڈ کالج کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھاکہ ہم بلوں اور ڈیزل پر ضرور بات کریں گے لیکن آج میں لیڈر شپ پر بات کرنے آیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چوروں، ڈاکووں کو این آر او دیا گیا ہے، ان سے ڈیل کی گئی ہے اور آج چور اور ڈاکو وطن واپس آ رہے ہیں ان کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے اور اربوں روپے لوٹ کر باہر جانے والوں کو این آر او سے واپس لایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، قوم نیچے جا رہی ہے اور ابھی بھی پیٹ نہیں بھرا ہے، مریم اپنے داماد کے لیے پیسہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جانور غیر سیاسی ہوتے ہیں اور جو ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا ان میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا ہے، ان کے خلاف آواز اٹھانے پر بول نیوز کو بھی بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں قوم کو تیار کر رہا ہوں لیکن مجھے اکیلا بھی نکلنا پڑا تو ان کے خلاف نکلوں گا کیونکہ میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا ہوں، میری کال کا انتظار کرنا۔