ارسلان تاج نے کہ ہے کہ تیسری بار انتخابات ملتوی کرنا کراچی کے ساتھ ناانصافی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی سندھ اور رکن اسمبلی سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ایک بار پھر الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ میچ کیلئے تمام ضلعوں کی پولیس موجود تھی، مگر الیکشن کیلئے نہیں، انہوں نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر الیکشن تین ماہ کیلئے ملتوی کئے۔
ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی اصل وجہ عمران خان کی مقبولیت ہے۔
ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ کو بلدیاتی الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے اسی وجہ سے الیکشن کا التواء بار بار کیا جارہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں الیکشن کیلئے انکے پاس نفری ہی موجود نہیں، اسلام آباد بھیجنے کیلے پولیس ہے ان کے پاس مگر بلدیاتی کیلئے نہیں ہے، کیا کراچی والوں کیلئے رائے دہی کا حق نہیں؟؟
ترجمان پی ٹی آئی سندھ ارسلان تاج کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے زیر اثر علاقوں میں الیکشن کروا لیے، تیسری بار انتخابات ملتوی کرنا کراچی کے ساتھ ناانصافی ہے، پیپلز پارٹی اور متحدہ دونوں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے متعلق اہم اجلاس آج منعقد ہوا ، اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جس میں سیکیورٹی کے مکمل انتظامات شامل رہے۔
اجلاس میں تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں ۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن 15 دن بعد دوبارہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گا۔