وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک ہلال احمر کے خیر سگالی سفیر اسماعیل حقی ترنک اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی پر مشتمل ترکی کے وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے مشکل گھڑی میں ترکیہ کی طرف سے یکجہتی کے اظہار کو سراہا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی پر ترک ہلال احمر کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نےکہا کہ 2005 کےزلزلہ اور 2010 کے سیلاب کے بعد کی صورتحال کی طرح حالیہ سیلاب کے بعد بھی ترکیہ نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ٹرینیں بھجوانے پر صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام کے شکرگزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترکیہ کی جانب سے امدادی کارروائیوں کے لئے بھجوائی گئی 50 کشتیوں سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کو منتقل کرنے میں مدد ملی ہے۔
اس موقع پر اسماعیل حقی ترنک نے ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا جبکہ انہوں نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے مکمل مدد اور بحالی کے عمل میں مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔
وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ وہ امدادی سامان اور خدمات کی فراہمی اور نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔