اسد عمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے اچھی ساکھ، شہرت اور صلاحیتوں کے مالک افراد کو ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سے سابق گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں سیاسی امور، تنظیمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبہ بلوچستان میں تحریک انصاف کی تنظیمی سرگرمیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان میں سیاسی و تنظیمی معاملات پر اسد عمر کو بریفنگ دی۔
سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ بلوچستان سے بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت کی خواہشمند ہیں۔
ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے طے شدہ طریقہٴ کار کے تحت ان عمائدین کی پارٹی میں شمولیت کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے اچھی ساکھ، شہرت اور صلاحیتوں کے مالک افراد کو ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ امیدواروں کا انتخاب چئیرمین تحریک انصاف کا استحقاق ہے، بہترین قابلیت اور ساکھ کے حامل افراد میدان میں اتارے جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے مزید کہا کہ بلوچستان میں تحریک انصاف کا مستقبل نہایت روشن ہے، ہم صوبے کے عوام کو ٹھوس سیاسی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔