منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری سلمان شہبازکے اثاثے منجمد کرنے کیخلاف درخواست پرسماعت ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی اسپیشل کورٹ سنٹرل میں منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری سلمان شہباز کے اثاثے منجمد کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
اسپیشل کورٹ سنٹرل کے ڈیوٹی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کرسٹل پلاسٹک لمیٹڈ کے اعتراض پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ سلیمان شہباز کے درخواست گزار کمپنی میں شیئرز ہیں جن کا ڈائریکٹرز اور دیگر افراد سے کوئی تعلق نہیں۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ کرسٹل پلاسٹک ایک خود مختار نجی ادارہ ہے۔ عدالتی حکم پر ایف ایف آئی نے درخواست گزار کمپنی کے تمام اکائونٹس منجمد کردیے ہیں۔
اسپیشل سنٹرل کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے بعد کمپنی کے روزانہ کے امور نمٹانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کمپنی کے منجمد کیے گئے بنک اکائونٹس کو بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے درخواست کو 7 ستمبر تک ملتوی کر دیا۔