بلوچستان اور سندھ میں لوگ بےسرو سامانی کے عالم میں ہیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں لوگ بےسرو سامانی کے عالم میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی ترکیہ میں ترکش ریڈ کریسنٹ کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ترکش ریڈ کریسنٹ کے صدر کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور سندھ میں حالیہ سیلابی صورت حال اور نقصانات سے آگاہ کیا۔

 ملاقات میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں لوگ بےسرو سامانی کے عالم میں ہیں، سیلاب متاثرین کو ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے ہی اس طرح کی آفات کا مقابلہ ممکن ہے، بین الاقوامی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ موسمی تغیرات کے مدنظر بین الاقوامی ادراجاتی تعاون ناگزیر ہے، دونوں ممالک کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے متعلقہ اداروں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترکیہ کی حکومت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، ترکش ریڈ کریسنٹ، پاکستان میں عوامی بہبود کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ ترکش حکومت کی جانب سے امداد پر شکر گزار ہیں، افغان مہاجرین کے مسائل کےحوالے سے ترکش اور پاکستان ریڈ کریسنٹ نے ملکر مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر ترک ریڈ کریسنٹ کے صدر نے سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کےساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Best Car Accident Lawyer