سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری آج (29 جنوری کو) بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
نکاح کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان اور محمود چوہدری کے رشتے دار شریک ہوئے، اس موقع پر بلاول ہاؤس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے
ان کی شادی کی تقریبات 4 دن قبل 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات میں مقامی فنکاروں کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ ان کی شادی کی اہم تقریب کل 30 جنوری کو بلاول ہاؤس میں ہوگی، جس میں 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رکن اور سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو نے بختاور بھٹو کے نکاح کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ بختاور بھٹو کے نکاح میں ان کی سہیلیوں، بھٹو خاندان کے افراد اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری کے شوہر محمود چوہدری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری بھی شیئر کی تھی۔
علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں، میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتدا کی مبارک باد ہو’۔
تاہم ابھی تک پاکستان پیپلز پارٹی اور زرداری خاندان کی جانب سے بختاور بھٹو کے نکاح کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو کے بھائی نے وضاحت کی تھی کہ شادی کی تقریبات کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہوں گی۔
بلاول بھٹو نے بتایا تھا کہ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات لاڑکانہ، لاہور اور اسلام آباد میں بھی ہوں گی، جن میں پیپلزپارٹی کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔