عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او زدہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا، اسی ہفتے لانگ مارچ کی کال دونگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اور ضلعی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزادی مارچ کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ این آر او زدہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے، اسی ہفتے لانگ مارچ کی کال دونگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس بار تیاری کے ساتھ آزادی مارچ کرنا ہے، آزادی مارچ کے لیے کس تیاری کے ساتھ آگے جانا ہے یہ مارچ کے اعلان سے قبل ہدایات جاری کی جائیں گی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں حتمی مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں، تمام اضلاع میں پارٹی تنظیمیں مارچ کی قیادت کریں گی۔
فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز کی عدالت سے بریت اور اسحاق ڈار کی واپسی کو ملکی نظام انصاف پر طمانچہ قرار دے دیا۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ لاکھوں لوگ آزادی مارچ میں شریک ہونگے، حکومت نے6 ماہ میں فاشزم دکھائی، سیاست کوباندی بنادیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی فاشزم مارشل لاء کے دور میں نہیں دیکھی، ترقی یافتہ پاکستان کا سفر واپس ہوگیا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل اور گھریلو اشیاء 36فیصد کم ہوگئی لیکن یہاں بدستور مہنگی ہیں، مہنگائی بڑھ گئی گروتھ رک گئی اور نوکریاں ختم ہوگئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے مقدمات ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے، ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کا پاسپورٹ بھی واپس کردیا گیا۔