اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے کورونا ویکسین لگوانا ہماری ذمہ داری ہے، عائزہ خان

اداکارہ عائزہ خان نے کورونا ویکسین کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے ویکسین لگوانا بطور شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔عائزہ خان نے چند روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر’’کورونا ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ‘‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے ویکسین لگوالی ہے۔ جہاں لوگوں نے انہیں ویکسین لگوانے پر سراہا، وہیں کچھ لوگوں نے ان کے اس عمل کو ’دکھاوا‘ قرار دیتے ہوئے کہا دنیا کو بتانا لازمی ہے کہ آپ نے ویکسین لگوالی ہے۔عائزہ خان نے صارف کے تنقیدی تبصرے کا نہایت مثبت انداز میں جواب دیا اور کہا ’’ہاں بتانا لازمی ہے کیونکہ بطور شہری یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ویکسین لگوائیں اور بطور انفلوئنسر مجھے دنیا کو دکھانا ہے کہ ہاں میری زندگی کی اہمیت ہے۔ اس کے علاوہ ہمیں سب کو یاد دلاتے رہنا ہے کہ جاکر ویکسین لگوائیں۔عائزہ خان نے مزید لکھا حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن شروع کردیا ہے، ہمارے پیارے اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔وقت ایک جیسا نہیں رہا، ہمارے بچوں اسکول نہیں جارہے ، لوگوں کے پاس ملازمتیں نہیں رہیں، کاروبار بند ہورہے ہیں اور ہم ابھی تک صوتحال سے مکمل طور پر واقف نہیں ہیں۔اداکارہ عائزہ خان نے صارف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پر تبصرے لکھنے کے بجائے جائیں جاکر ویکسین لگوائیں اور یہ سرٹیفیکیٹ دکھائے بغیر آپ کو کہیں بھی جانے کی اجازت نہیں ہے۔‘‘ عائزہ خان نے اس کمنٹ میں محفوظ رہیں اور مثبت رہیں کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔واضح رہے کہ عائزہ خان کے شوہر اداکار دانش تیمور نے بھی سوشل میڈیا پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کی تصویر اپ لوڈ کرکے اپنے مداحوں کو ویکسین لگوانے کی خبر سے آگاہ کیا۔