بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیئے۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے خصوصی اجلاس میں کیے گئے اس فیصلے کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ بی سی سی آئی اب آئی پی ایل کے باقی میچ ستمبر اور اکتوبر کے درمیان کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ آئی پی ایل 2021ء کے بقیہ میچز 19 یا 20 ستمبر سے شروع ہوسکتے ہیں جبکہ فائنل میچ 10 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔
بی سی سی آئی ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے متعلق حتمی فیصلہ لینے کے لیے آئی سی سی سے جولائی میں توسیع کا مطالبہ کرے گا۔ رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ اکتوبر ،نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔ اگر ہندوستان میں کورونا کیسز کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات میں بھی ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے آئی پی ایل 2020ء بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جب کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے بقیہ میچز بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔