انگلینڈ میں موجود بھارتی وکٹ کیپر رشبھ پانٹ اور ٹرینر دیانند کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 اگست سے 5 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہورہا ہے جس کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے بائیوسیکیور ببل میں موجود ہے لیکن اس کے باوجود کورونا وائرس نے بھارتی کرکٹ ٹیم پر حملہ کردیا ہے۔
کورونا وائرس کی نئی قسم ’ڈیلٹا ویرینٹ‘ انگلینڈ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں بھی گھس آیا ہے اور ابتدائی طور پر وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پانٹ کا کورنا ٹیسٹ مثبت آیا حالانکہ وہ کورونا ویکسین بھی لگواچکے تھے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بھارت کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پانٹ کا کورونا ٹیسٹ 8 جولائی کو مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے تھے جب کہ اب بھارتی کرکٹ ٹیم کے ٹرینر دیانند گیرانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔