یاسمین راشد نےکہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت پاکستانی عوام کو مزید بے و قوف نہیں بناسکتی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث بدترین مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان بھائیوں نے پچھلے تین روز سے اسلام آباد میں دھرنا دیا ہوا ہے، وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث عوام ایک وقت کی روٹی کھانے سے بھی تنگ آچکی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا امپورٹڈ حکومت بارے موقف بالکل ٹھیک ہے، امپورٹڈحکومت کو عوام کے دکھ درد کا ذرا بھی احساس نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کا اقتدار میں آنے کا صرف مقصد این آر او لینا تھا، پاکستان کو کرپشن کے ذریعے کھوکھلا کرنے والے تمام لوگوں کو آج این آراومل رہا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز نے ہمیشہ اثاثہ جات بارے قوم سے جھوٹ بولا ہے، عوام کو بتاؤکہ یہ کہاں سے پیسے آئے ہیں؟ یہ سارے چورمل کر پاکستان کو لوٹنے دوبارہ آگئے ہیں، کون بچائے گا پاکستان؟ عمران خان عمران خان، عمران تیرے جان نثار بے شماربے شمار۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نئی ٹئیر گیس لانے والے راناثناء اللہ تسلی رکھو اور ہمارے سامنے آؤ، راناثناءاللہ تم اپنے ساتھ گارڈز لاتے ہو اور ہم نہتے جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امپورٹڈحکومت کے اقتدار میں آنے سے پاکستانی عوام کا نقصان ہورہا ہے، پاکستان کی عوام کے ساتھ کب تک ظلم کروگے،پاکستان کی عوام جاگ چکی ہے، پاکستانی عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ تم سارے چور ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو پتہ ہے کہ تم چور ہو اور تم نے پاکستان کو لوٹ کر کھالیا ہے، امپورٹڈ حکومت پاکستانی عوام کو مزید بے و قوف نہیں بناسکتی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا تھا کہ داتاگنج بخش ٹاؤن کے کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم سب عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم بی بی صحت سہولت کارڈختم کرنے کا کہہ رہی ہے، پنجاب میں ابھی تک 22لاکھ71ہزار سے زائد افراد صحت سہولت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ عمران خان کے ساتھ عوام ہے، عمران خان ایک سچا مسلمان ہے۔ ہم کسی کے غلام نہیں ہیں، عمران خان خدا کے علاوہ کسی کے سامنے اپنا سر نہیں جھکاتا۔