الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب میں ایک روز قبل ہونے والے افسران کے تبادلے کینسل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بول نیوز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مراسلہ کی کاپی حاصل کر لی ہے۔
چند روز قبل بھی ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب آصف طفیل نے افسران کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے شیڈول کے بعد افسران کے تبادلوں پر پابندی عائد کر دی تھی اور الیکشن کمیشن کے نوٹس پر ڈی جی نے افسران کے تبادلے منسوخ کر دیئے تھے۔
ایک دفعہ پھر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد تبادلوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈی جی ایکسائز پنجاب نے ایک روز قبل انسپکٹروں کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
ڈی جی ایکسائزپنجاب نے ایک دفعہ پھر الیکشن کمیشن کے احکامات ماننے سے انکار کردیا
لاہور: ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات ہوا میں اڑانا معمول بنا لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کی وجہ سے سرکاری ملازمین کے تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ڈی جی ایکسائز پنجاب آصف طفیل نے انسپکٹروں کے تبادلے کر کے ایک دفعہ پھر الیکشن کمیشن کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز نے ملتان اور فیصل آباد کے انسپکٹروں کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ ملتان اور فیصل آباد میں ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹرمنظور حسین کا تبادلہ لاہور ریجن بی سے ملتان کیا گیا ہے جبکہ انسپکٹر تنویر عباس کاٹھیا کا لاہور ریجن بی سے فیصل آباد کر دیا گیا ہے، اسی طرح راولپنڈی سے انسپکٹر افتخار بھٹی کا تبادلہ ملتان کر دیا گیا ہے۔
چند روز قبل بھی ڈی جی ایکسائز نے گریڈ سترہ کے افسران کے تبادلے ان اضلاع سے کیے جہاں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا جا چکا تھا۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نہ صرف ناراضگی کا اظہار کیا بلکہ تمام تبادلے کینسل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے، جس پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز نے افسران کے تبادلے کینسل کرنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق فیصل آباد اور ملتان کے قومی جبکہ شیخوپورہ کے صوبائی حلقہ میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہونے جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 14 ستمبر کو ضمنی الیکشن والے شہروں میں ہر قسم کے تبادلوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔