اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے 160 ملین ڈالرامداد کی اپیل کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طور پر سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فلڈ ریسپانس پلان 2022 کا آغاز کیا ہے۔
اس موقع پر یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
The Pakistani people are facing a monsoon on steroids. More than 1000 people have been killed – with millions more lives shattered.
This colossal crisis requires urgent, collective action to help the Government & people of Pakistan in their hour of need. pic.twitter.com/aVFFy4Irwa
— António Guterres (@antonioguterres) August 30, 2022
اپنے پیغام میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کے فراخدل لوگوں کومصیبت میں دیکھ کردل ٹوٹ گیا ہے، پاکستانی عوام سیلاب سے متاثرہوئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یو این 52 لاکھ متاثرہ افراد کو خوراک اور ضروری اشیاء فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری امداد کی ضرورت ہے، سیلاب سےانفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے جس کے لئے اپیل ہے کہ سب آگے بڑھیں اورمشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کریں ۔
اس موقع پر یو این نے عالمی برادری سے پاکستان کیلئے 160 ملین ڈالرامداد کی اپیل کی ہے۔
یو این ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولیان ہارنیس:
اس موقع پر یو این ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولیان ہارنیس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے جہاں تباہی تصورات سے بھی زیادہ ہے اور جس کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو:
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو شدید بارشوں، سیلاب کا سامنا ہے، رواں سال پاکستان میں ہیٹ ویو نے تمام ریکارڈتوڑ دیئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے شہریوں اور لائیو اسٹاک کو نقصان پہنچا ہے اور سیلاب سے جو تباہی ہوئی وہ ناقابل بیان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ افراد متاثر ہیں، بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت متاثرین کوکھانا،صاف پانی ودیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے بھی دیئے جارہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کیلئے خوراک، چھت اور بحالی بڑا چیلنج ہے جس کے لئے ہمیں فوری عالمی برادری کی مددکی ضرورت ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے:
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال ملک میں مون سون بارشیں وقت سے پہلےشروع ہوئیں اور بعض علاقوں میں بارشوں نے30 سال کا ریکارڈ توڑا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے72 اضلاع کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں سیلاب سے 10 لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب سے 20 لاکھ ایکڑز مین، 3 کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال:
وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے، بارش سے فصلوں کوشدید نقصان پہنچا جبکہ کپاس کی 50 فیصد فصل سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہےعالمی برادری پاکستان کی مدد کیلئے آگے آئے گی۔