اعجاز الحق کی عمران خان سے ملاقات، ضمنی الیکشن پر بات چیت

پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق کی سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی۔

ملاقات میں اعجاز الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  امید ہے یہ ضمنی انتخابات بھی 17 جولائی کی طرح صاف وشفاف ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان انتہائی تشویشناک اور موجودہ حکومت کی نااہلی، خارجہ پالیسی کی کمزوری ہے۔

‘فوری الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں’

سربراہ مسلم لیگ (ض) کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کا کردار بہت اہم ہے، جلد بازی کی بجائے بہترین حکمت عملی کیساتھ متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔

اعجاز الحق نے مزید کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ حکومت صاف وشفاف الیکشن سے فرار چاہتی ہے، حکومت سیلابی صورتحال سے بھی صحیح نمٹنے میں ناکام رہی، فوری الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔

‘لوگ موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں’

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام ملک میں مہنگائی وبے روزگاری سے پریشان ہیں، لوگ موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ہم نے جہاں ایک ایک ماہ میں دو، دو جلسے بھی کیے تو لوگ پہلے سے زیادہ آئے۔

‘ملک بھر میں ضمنی الیکشن ہم جیتیں گے’

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کا بیان امپورٹڈ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ضمنی الیکشن ہم جیتیں گے، یہ عوامی ریفرنڈم ہوگا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اعجازالحق کی چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

عمران خان کی عوام سے الیکشن میں حصہ لینے کی اپیل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے اس الیکشن میں حصہ لیں۔

 16 اکتوبر کے انتخابات کے حوالے سے چیئرمین عمران خان نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم الیکشن ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس الیکشن کے بعد فیصلہ ہو گا کہ کیا پاکستان ایک حقیقی آزاد ملک بن کر رہے گا؟ بیرونی ملک سازش کے تحت مجرموں کو مسلط کیا گیا، کیا ہم ان کی غلامی کریں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے لئے، اپنے بچوں کے لئے اور پاکستان کے مستقبل کے لئے اس الیکشن میں حصہ لیں، آزاد اور خودمختار پاکستان کے لئے یہ ہمارا جہاد ہے۔

Best Car Accident Lawyer