سراج الحق نے کہا ہے کہ اس ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت دلدل میں پھنسا ہوا ہے، علی بابا چالیس چوروں کا قبضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو اللہ کی بندگی اور نبی مہربان ﷺ کی تعلیمات کے لیے بلاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اس ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، پچہتر سالوں سے نظریاتی طور پر آزاد نہیں ہو سکے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لیڈر شپ کی وجہ پاکستان ڈوب گیا ہے، دنیا کے سامنے ہم کس قسم کے ماڈل کو پیش کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اورعمران خان کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں اور ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان تباہی کے دھانے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حکمران وزیر اعظم ہاؤس کی حفاظت نہیں کر سکتا وہ ملک کی حفاظت کیسے کر سکتا ہے، پی ڈی ایم کی حکومت بنی نہیں قائم کی گئی ہے، 90 روپے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پی ڈی ایم کی حکومت میں اضافہ کیا گیا، کل بارہ روپے کمی کی گئی جبکہ بین الاقوامی منڈیوں میں کمی واضع ہوئی۔
سراج الحق نے کہا کہ یہاں ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے لیکن اخلاقی اقدار کا خاتمہ ہوا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آڈیو لیکس کے نتیجے میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم بھی ایکسپوز ہو گئی ہے، دونوں میں مافیا قائم ہیں ملک کی تباہی کے لیے کسی اور کی ضرورت نہیں یہ ہی کافی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ پہلے پی ٹی آئی میں مختلف اشیاء کے پارٹس اکٹھے کر کے پارٹی بنائی گئی اب پی ڈی ایم میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کو ساتھ بنایا گیا ہے