بورے والا میں اسکول وین حادثے کا شکار ہوگئی ہے جس کے بعد 8 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بورے والا میں شیخ فاضل روڈ 193 ای بی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار اسکول وین الٹ کر دھان کی فصل میں جا گری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ میں 8 بچے زخمی ہوئے اور باقی محفوظ رہے جبکہ اسکول وین میں 25 سے زائد طلباء و طالبات سوار تھیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا البتہ تمام زخمی بچوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اوربیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں آٹو رکشا والوں اور موٹر کاروں اور وینز چلانے والوں کو پیش آئے اس کے بعد بسوں اور ٹرکوں کے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔