صدر مملکت نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا مسلمانوں کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے۔
تفصیلا تکے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو ہلالِ پاکستان عطا کیا۔
ہلالِ پاکستان ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم کی جانب سے یتیم بچوں کی کفالت ، صحت ، سماجی شعبوں اور پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا ہے۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا میں اسلام کے حقیقی تصور اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کرنے اور بین المذاہب کانفرنسوں، مکالموں اور اجلاسوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے رابطہ عالمی اسلامی کی عالم اسلام میں فلاح و بہبود کے لئے کوششوں کو سراہا جبکہ ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں اسلامی عجائب گھر کے قیام پر عملدرآمد کو بھی سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلامو فوبیا مسلمانوں کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے، اسلام کے حوالے سے دنیا میں پائے جانے والے خوف کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام دنیا کے لوگوں کے مابین امن، یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے، مختلف اقوام کے لوگوں کو اسلام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسلامی معاشروں میں اعتدال پسندی ، امن اور سماجی و اقتصادی انصاف کے فروغ کو یقینی بنائے جائے ، اسلامی معاشروں میں دہشت گردی اور عدم برداشت کے رحجانات کے خلاف صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان میں اسلام فوبیا کی جڑیں گہری ہیں اور اسکی ریاستی سطح پر سرپرستی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو اسلامو فوبیا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، میوزیم کی تکمیل سے لوگ حضور اکرم ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جان سکیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی انتہائی اہم مالی ضروریات اور سیلاب زدگان کی تکالیف کم کرنے کیلئے فراخدلی سے مدد فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا بھی کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل رابطہ اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سکالرز اور سول سوسائٹی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔