پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کیس کا ملزم ہے۔
سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی نظام رہنا ہے تو پھرعزیر بلوچ کو چھوڑ کر کراچی کا میئر بنادیں۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی پر عدالت کو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا، جن کی پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں تھی وہ بھی بری ہوگئے۔
‘شہباز شریف کے پاس اتنا پیسہ ہے تو سیلاب زدگان کو دے دیں’
علی زیدی نے کہا کہ اسحاق ڈار سابق وزیراعظم کے جہاز میں فرار ہوئے تھے، وعدہ معاف گواہ دوبارہ وزیراعظم کے جہازمیں واپس آیا، کسی کے باپ کا پیسہ نہیں عوام کا پیسہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق بیرون ملک84 لاکھ کے ہینڈ بیگ خریدے گئے، کہا جارہا ہے شہبازشریف نے ہوٹل میں ٹھہرنے کے پیسے خود دیئے، شہباز شریف کے پاس اتنا پیسہ ہے تو سیلاب زدگان کودے دیں۔
‘شریف خاندان آپس میں بھی سچ نہیں بولتا’
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ غریب جیلوں میں سڑرہے ہیں، امیر آسانی سے باہر آجاتا ہے، اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کیس کا ملزم ہے۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ شریف خاندان آپس میں بھی سچ نہیں بولتا، ایک بھائی کہتا ہے ہم تو اپارٹمنٹ میں کرائے پر رہتے ہیں، دوسرابھائی کہتا ہے الحمداللہ یہ اپارٹمنٹ ہمارے ہیں اور تیسری مریم کہتی ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی
خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے عمران خان کو 10 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے جمعہ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد کی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت جمعہ 7 اکتوبر تک منظور کی ہے۔