پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمارا موقف ہے الیکشن وقت پر ہوں لیکن یہ آڈیو لیک سے گھبرا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے الیکشن ہوجائے لیکن ہمارا مؤقف ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں۔
ملتان میں تاجروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آڈیو لیک پر تحقیقات ہورہی ہے جو ہو گا سامنے آجائے گا اور ان کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے، ان کو کوئی خط ان کو نہیں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا پہلی بار عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور اگر تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کرے گے تو کوئی ابہام نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ سے پی ٹی آئی بنائی گئی ہے اور پی ٹی آئی والے خود فارن فنڈنگ سے ہی پارٹی چلا رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسپیکر نے ایم این اے سمیت عمران خان کو خط لکھا کہ آکر اپنے دستخط کی تصدیق کرے لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے،ایک طرف اسمبلی جاتے نہیں دوسری طرف الیکشن لڑتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس موقع پر قومی تاجر اتحاد پاکستان نے علی موسی گیلانی کی حمایت کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برداری کسی امپورٹڈ امیدوار کو قبول نہیں کرے گی۔
ملک سلطان محمود نے کہا کہ تاجر برداری این اے 157 میں علی موسیٰ گیلانی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائے گی۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجروں کا یہ پیغام ہمیں اور بھی مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے بہت سے مسائل ہیں اور جب جب موقع ملا تاجروں کی بیتری کے لیے کام کیا ہے ۔