آرمی چیف کی دورہ سعودی عرب کے دوران ملک کے نائب وزیر دفاع سے ملاقات میں سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاع، سیکیورٹی تعاون اور خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔
انہیں سعودی وزارت دفاع میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک روایتی طور پر قریب تر ہیں اور سعودی عرب نے 2018 میں پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض اور 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل قرض پر دینے کی سہولت دی تھی تاکہ ادائیگیوں کے بحران کے توازن میں مدد ملے۔