وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دے دیا۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہو گیا ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہو کر نکلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے، پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کی بحالی کے لئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو اور آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی کی رحمت سے پرامید ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق قرض کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔